Dark Circle khatam karne ka Tarika

Dark Circle khatam karne ka Tarika

آنکھوں کی سوجن اور حلقے

بینائی ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ آنکھ میں معمولی سی تکلیف بھی بینائی کو متاثر کرتی ہے۔ اسی طرح سے آنکھوں کی خوبصورتی سے ہی چہرے کی خوبصورتی ہے۔ اور اگر ان آنکھوں کے ارد گرد بدنما حلقے پڑے ہوئے ہوں یا جلد سوجی ہوئی ہو تو چہرے کی خوبصورتی کو گہن لگ جاتا ہے۔

آنکھوں کے نیچے حلقوں اور سوجن کی وجوہات

آنکھوں کے نیچے سوجن اور حلقے اکثر لوگوں کو وراثت میں ملتے ہیں۔ لیکن بعض اوقات فضائی آلودگی کی وجہ سے آنکھوں کے نیچے کی جلد پھول کر تھیلیاں سی بن جاتی ہیں۔ ان حلقوں کی ایک سب سے بڑی وجہ نیند پوری نا ہونا بھی ہے۔ نیند اگر ضرورت سے کم ہو اور سونے جاگنے کا اوقات مقرر نا ہوں تو اس کا ایک بہت بڑا اثر آپ کی آنکھوں پر بھی پڑتا ہے۔ آنکھوں کے نیچے کی جلد متورم ہوجاتی ہے اور سیاہ حلقے نمایاں ہوجاتے ہیں۔ لیکن اگر یہ حلقے یا سوجن بلا وجہ ہو تو یہ ایک تشویشناک بات ہے اور آپ کو اپنے کھانے کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔

ماہرین چشم کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے گرد سوزش اور حلقے اس وقت بھی پیدا ہوتے ہیں جب ہماری آنکھوں کی پتلی کے نیچے کچھ فاسد مادے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ اس کی دیگر وجوہات میں سے ایک زیادہ نمک کا استعمال ہے۔ اگر آپ کو بلاجہ آنکھوں کے گرد سوجن اور سوزش ہو رہی ہے تو اپنے کھانے میں نمک کم کردیں۔ اسی طرح بازاری سنیکس جن میں سوڈیم کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے سے کنارہ کشی اختیار کرلیں۔

آنکھوں کے نیچے حلقوں اور سوجن کا علاج

آنکھوں کے نیچے کی جلد زیادہ نازک ہوتی ہے اور اس میں نرمی بھی زیادہ پائی جاتی ہے۔ اس لیے اس میں جب رطوبت زیادہ جمع ہو جائے تو پھولی پھولی سی تھیلیاں بن جاتی ہیں۔ ذیل میں کچھ آسان ٹوٹکے بتائے جا رہے ہیں جن کو آزما کر آپ اپنی آنکھوں کی سوجن اور حلقوں کو ختم کر سکتے ہیں۔

ٹماٹر کا استعمال

ٹماٹر میں قدرتی اجزا شامل ہوتے ہیں ہیں جو حلقوں کو دور کرنے کے لیے بے حد مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔ ایک چمچہ ٹماٹر کے رس میں ایک چمچہ لیموں کا رس ملائیں اور اسے سیاہ حلقوں پہ لگائیں۔ دس منٹ کے بعد دھو لیں۔ یہ عمل دن میں دو بار دہرائیں۔ کچھ ہی دنوں میں آپ واضح فرق محسوس کریں گی۔

آلو کا استعمال

چند آلو چھیل کر ان کا رس نکال لیں پھر اسے روئی کی مدد سے آنکھوں کے گرد لگائیں۔ دس منٹ بعد سادہ پانی سے منہ دھو لیں۔ روزانہ یہ عمل کرنے سے حلقے مدھم پڑھنے شروع ہوجائیں گے۔

آلو اور کھیرا

ایک آلو اور ایک کھیرا چھیل لیں۔ دونوں اجزاء کے گودے اچھی طرح بلینڈر میں ڈال کر پیسٹ بنا لیں اور پھر یہ گودا پندرہ منت تک آنکھوں پر لگائیں تو اس سے آنکھوں کو سکون ملے گا اور سوجن ختم ہوجائے گی۔

ٹی بیگ

ٹی بیگ کو پانی میں بھگو لیں اور اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے فریزر میں کچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔ اب اس ٹھنڈے ٹی بیگ کو دس منٹ کے لیے آنکھوں کے اوپررکھیں۔ چند دنوں میں ہی فرق محسوس ہونے لگے گا۔

کینو کا جوس

کینو کے جوس میں چند قطرے گلیسرین ملا کر حلقوں پہ لگائیں۔ یہ نہ صرف حلقوں کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے بلکہ ان میں قدرتی چمک بھی پیدا کرتا ہے ۔

دودھ

ٹھنڈے دودھ کو روئی کی مدد سے آنکھوں کے گرد لگائیں ۔ اس سے بھی واضح فرق نظر آئے گا ۔