Dry Dates Chuara ke fayde

Dry Dates Chuara ke fayde

چھوہارا توانائی کا خزانہ

کھجور کو توانائی کا خزانہ کہاجاتا ہے،یہ تازہ اور خشک دونوں صورتوں میں نہایت مفید ہے، خشک کھجور کو چھوہارا کہا جاتا ہےجو نہ صرف قوت اور طاقت کا خزانہ ہے بلکہ کئی بیماریوں اور جسمانی مسائل میں نہایت مفید مانا گیا ہے۔ چھوہارے کا استعمال صحت کے بہت سے مسائل میں مفید ہے۔ چھوہارے میں بہت سے قیمتی معدنیات ہوتے ہیں جو اس کو جسم کی طاقت کے لیے بہت اہم بناتے ہیں۔

چھوہارے میں بہت سے وٹامن موجود ہوتے ہیں جن میں وٹامن A, C, E, K, B-6, B-4 شامل ہیں ۔ یہ تمام وٹامنز ہماری صحت کو ہر طرح سے بہتر بناتے ہیں۔ چھوہاروں میں اہم معدنیات یعنی آئرن ،پوٹاشیم ، فاسفورس اور کوپر پایا جاتا ہے۔ ان تمام معدنیات کے بغیر ہمارے جسم کے خلیات اپنا کام صحیح طرح انجام نہیں دے سکتے۔ آج کے اس مضمون میں ہم نے خشک کھجور یا چھوہارے کے بے پناہ قیمتی فوائد میں کچھ خاص خاص فائدے اور ان کے دیسی ٹوٹکے طریقہ استعمال بتائے ہیں۔

مردانہ طاقت میں اضافہ:

پانچ چوہارے رات کے وقت دودھ میں بھگو لیں اور صبح دودھ کو چھوہاروں سمیت ابال لیں۔ اس دودھ کو اتنا ابالیں کہ دودھ آدھا رہ جائے پھر اس دودھ میں چینی کی بجائے شہد ملا کر نیم گرم دودھ پیئں اور ساتھ ساتھ چھوہارے کھائیں۔ اس سے آپ کی قوت باہ میں اتنا اضافہ ہوگا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس سے آپ کے جسم کا درد اور مکمل جسمانی کمزوری دور ہو جائی گی۔

خون کی کمی دور کرے:

خون میں ہیموگلوبن اور آکسیجن فراہم کرنے کے لیے آئرن بہت ضروری ہے ۔ چھوہارے آئرن حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ لوگ جو خون کی کمی کا شکار ہیں وہ چھوہارے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چھوہاروں کو روزانہ استعمال سے جسم میں تازہ خون بنتا ہے۔

قبض سے نجات:

چھوہارے میں موجود فائبر قبض کو ختم کرتا ہے ،جن لوگوں کو قبض کی شکایت رہتی ہے وہ چھوہاروں کو رات بھر کے لیے پانی میں بھگودیں اور صبح کھالیں۔

بلغمی امراض دور کرنے کا ٹوٹکہ:

چھوہارہ بلغمی امراض کیلئے نہایت فائدہ مفید ہے۔ نزلہ زکام میں دو تین چھوہارے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے تھوڑے سے پانی میں بھگو دیں جب پھول جائیں تو بمعہ پانی دیگچی میں ڈال دیں اور ایک پاو کے قریب دودھ ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں جب خوب عرق نکل آئے تو اتار لیں۔ چھوہارے کھا کر نیم گرم دودھ پی کر سوجائیں۔ تین چار دن عمل کریں اس سے دماغی کمزوری بھی دور ہوجائے گی۔

خواتین کے امراض میں مفید:

کمزور خواتین جو سیلان رحم جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوں۔ حمل نہ ٹھہرتا ہو کمر درد‘ لاغر اور کمزور ہوں۔ اس کے استعمال سے صحت یاب ہوجاتی ہیں گرم غذائیں بند کردیں۔ اس کے چند دن کے استعمال سے عضلات رحم قوی ہوجاتے ہیں۔ چھوہارے کے استعمال سے کمزوری سے پیدا ہونے والا کمردرد اور پیشاب کی زیادتی جو بوجہ شوگر نہ ہو کیلئے بھی مفید ہے۔ چہرہ پر رونق آجاتی ہے۔ سات دانے چھوہارے ایک پاو دودھ میں جوش دے کر حاملہ کوپلانا بچے کی پیدائش میں آسانی پیدا کرتا ہے۔

ہڈیوں اور دانتوں کے لیے:

چھوہارے میں کیلشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے ۔ ہڈیاں اور دانت مضبوط رکھنے کے لیے کیلشیم سب سے اہم ہے ۔ اس کے استعمال سے دانت خراب ہونے سے محفوظ رہتے ہیں۔ کمزور دانتوں کو طاقت دینے کیلئے ایک پاو دودھ میں دس عدد چھوہارے ابال کر کھانا بے حد مفید ہوتاہے۔ اس سے دانت مضبوط ہوتے ہیں اور مسوڑھوں سے خون بہنا رک جاتا ہے۔

جوڑوں کا درد اور سوجن:

جوڑوں کے درد اور سوجن کیلئے سات عدد چھوہارے اور سونٹھ پسی ہوئی پانچ ماشے دودھ میں جوش دے کر صبح نہار منہ پینے سے بے حد فائدہ ہوتا ہے۔

کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرے:

چھوہارے میں کولیسٹرول نہیں ہوتا اور فیٹس بھی بہت کم مقدار میں پائے جاتے ہیں اس لیے ماہرین اسے کھانے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ یہ خون میں موجود کولیسٹرول کو گھٹاتا ہے۔ اس کے علاوہ چھوہارے میں موجود پوٹاشیم اور سوڈیم بلڈپریشر کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔

چھوہارے کھانے میں احتیاط:

ذیابیطس کے مریض اپنے معالج کے مشورے سے استعمال کریں۔ چھوہارہ ہوا پیدا کرتا ہے اور دیر ہضم بھی ہے اس لیے کمزور معدہ والے احتیاط سے اس کا استعمال کریں۔